قرآن مجید کی اہمیت و فضیلت

قرآن مجید اللہ کی سچی کتاب ہے۔ یہ اللہ کا پیغام اپنے بندوں کے نام ہے، اس سے ایمان بڑھتا ہے اور دلوں کے زنگ اترتے ہیں۔ قرآن مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت اور ثواب ہے۔ مگر افسوس کا مقام ہے کہ ہماری اکثریت تلاوت قرآن مجید سے غافل ہے۔ دنیا کے کاموں میں اپنا وقت لگانے سے گریز کرتے ہیں جبکہ تلاوت قرآن کے لئے وقت نہیں ملتا کا بہانہ کیا جاتا ہے۔ یقین جانیں تلاوتِ قرآنِ پاک سے اللہ وقت میں برکت ڈالتا ہے۔ آج سے یہ عہد کریں کہ انشا ء اللہ قرآن مجید کی تلاوت کے لئے روزانہ وقت نکال کر کم از کم دو تین رکوع تلاوت کریں گے اور اس کو سمجھیں گے۔ اس کو ترجمہ کے ساتھ پڑھیں تا کہ پتہ چلے اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کیا فرماتے ہیں۔

آئیے! قرآن کی تلاوت کی فضیلت کے بارے میں قرآن و سنت کی روشنی میں جانتے ہیں۔

رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” تم قرآن پڑھو اس لئے کہ قرآن قیامت کے دن اپنے پڑھنے والوں کے لئے سفارشی بن کر آئے گا “۔ [ مسلم ]۔

ایک دوسری حدیث میں ہے کہ قرآن کی سفارش کو قبول کیا جائے گا۔ قرآن کو پڑھنے کے بعد اس کو اپنی عملی زندگی میں لانے والوں کے لئے بھی جھگڑا کرے گا اور نجات دلائے گا۔ رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” قیامت کے دن قرآن اور قرآن والے جو اس پر عمل کرتے تھے، ان کو لایا جائے گا۔ ورۃ بقرہ اور آل عمران پیش پیش ہوں گی اور اپنے پڑھنے والوں کی طرف سے جھگڑا کریں گی “۔ [ مسلم ]۔

آپ صل اللہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا:” تم میں سب سے بہتر وہ ہے جس نے قرآن پڑھا اور اس کو پڑھایا “۔ [ بخاری ]۔

قرآن کو جو لوگ مظبوطی سے تھام لیتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کو بلند کر دیتا ہے۔ وہ دنیا میں بھی عزت حاصل کرتا ہے اور آخرت میں جنت میں داخل ہو گا۔ انشاء اللہ۔ جو قرآن کی تلاوت اور تعلیمات سے دور ہوتے ہیں اور اپنی زندگی اپنی مرضی اور چاہت سے بسر کرتے ہیں تو پھر ایسوں کو اللہ ذلیل و خوار کر دیتے ہیں۔ چنانچہ نبی اکرم صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” اللہ تعالیٰ اس کتاب [ قرآن مجید ] کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو سربلند فرمائے گا اور دوسروں کو ذلیل کرے گا “۔ [ مسلم ]۔

قرآن مجید کی تلاوت کرنے سے ہر حرف کے بدلے میں دس نیکیاں ملتی ہیں۔ قیامت کے روز انسان ایک نیکی کے لئے مارا مارا پھرے گا۔ لہٰذا نیکیوں کے حصول کے لئے تلاوت قرآن پاک کو معمول بنانا چاہیے۔

رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:” جس نے کتاب اللہ کا ایک حرف تلاوت کیا، اس کو ایک نیکی ملے گی اور [اس ایک ] نیکی کا بدلہ کم از کم دس گنا ہے۔ میں نہیں کہتا کہ [ الم ] ایک حرف ہےلیکن الف ایک حرف، لام، دوسرا اور میم تیسرا حرف ہے “۔ [ ترمذی ]۔

قرآن کو یاد کرنا اور اس کو حفظ کر کے اپنے سینے میں محفوظ کرنا سعادت مندی ہے۔ آپ صل اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” بے شک وہ آدمی جس کے دل میں قرآن کا کچھ حصہ نہیں وہ ویران گھر کی طرح ہے “۔ [ ترمذی ]۔

سورۃ بقرہ کے بارے میں رسول اللہ صل اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:” بے شک شیطان اس گھر سے دور بھاگتا ہے جس میں سورۃ بقرہ پڑھی جاتی ہے “۔ [ مسلم




سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’قرآن پڑھنے والے مومن کی مثال ترنج کی سی ہے کہ اس کی خوشبو بھی عمدہ ہے اور اس کا مزا بھی اچھا ہے اور قرآن نہ پڑھنے والے مومن کی مثال کھجور کی سی ہے کہ اس میں بو نہیں مگر مزا میٹھا ہے اور قرآن پڑھنے والے منافق کی مثال نازبو (ایک خوشبو دار پودا) کی مانند ہے کہ اس کی بو اچھی ہے لیکن اس کا مزا کڑوا ہے اور قرآن نہ پڑھنے والے منافق کی مثال اندرائن (کوڑ تنبہ) کی سی ہے کہ اس میں خوشبو بھی نہیں اور مزا بھی کڑوا ہے۔‘‘


               فہم و تدبر اور عمل کرنے کی ضرورت

قرآن کریم کی تلاوت بجائے خود اجر و ثواب کا باعث ہے، چاہے پڑھنے والا اس کے معانی و مطالب کو سمجھتا ہو یا نہ سمجھتا ہو۔ اس کے ایک ایک حرف پردس دس نیکیاں ہر پڑھنے والے کو ملیں گی جیسا کہ حدیث میں فرمایا گیا ہے تاہم یہ محض اللہ کا فضل و کرم ہے کہ وہ ہر پڑھنے والے کو اجر عظیم سے نوازتا ہے لیکن بغیر سمجھے پڑھنے سے ثواب تو یقیناً مل جائے گا لیکن قرآن کے نزول کا جو اصل مقصد ہے، وہ اسے حاصل نہیں ہو گا۔ وہ مقصد کیا ہے؟ ہدایت اور روشنی، یہ تو صرف اسے ہی ملے گی جو قرآن کو سمجھنے کی اور اس کے معانی و مطالب سے آگاہی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔ آج اس قرآن کے پڑھنے والے تو لاکھوں نہیں، کروڑوں کی تعداد میں ہیں لیکن اس میں بیان کردہ اصول و ضوابط اور تعلیمات و ہدایات کو سمجھنے والے کتنے ہیں ؟تھوڑے، بالکل تھوڑے حالانکہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: {وَلَقَد یَسَّرنَا القُراٰنَ لِلذِّکرِ فَھَل مِن مُّدَّکِرٍ} (القمر:١٧)

’’ہم نے قرآن کو آسان کیا ہے نصیحت حاصل کرنے کے لیے، کیا پس کوئی ہے نصیحت حاصل کرنے والا۔ ‘‘

یہ واقعہ ہے کہ گو قرآن کریم اعجاز و بلاغت اور نظم و معانی کے مشکلات واسرار کے اعتبار سے دنیا کی عظیم ترین کتاب ہے جس کے دقائق و غوامض کی نقاب کشائی کے لیے مختلف انداز سے توضیح وتفسیر کا ایک ناقابل متناہی سلسلہ چودہ صدیوں سے قائم ہے مگر اس کے عجائب وغرائب ختم ہونے میں نہیں آتے لیکن اس کے باوجود عمل کی حد تک یہ آسان ترین کتاب بھی ہے۔ اس سے ہر شخص علم بدیع و بلاغت کی کتابیں پڑھے اور صر ف و نحو کے قواعد جانے بغیر بھی ہدایت و رہنمائی حاصل کرسکتا ہے۔ یہ بھی قرآن کا ایک اعجاز ہی ہے کہ علمی طور پر مشکل ترین ہونے کے با وصف عمل کے لیے یہ آسان ترین بھی ہے۔ بنابریں ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے کہ وہ قرآن کریم کو محض تبرک کے طور پر ہی نہ پڑھا کرے بلکہ اسے سمجھنے کی بھی کوشش کیا کرے تاکہ وہ اس کے اصل مقصد نزول … ہدایت … کو بھی حاصل کرسکے۔

علاوہ ازیں قرآن کریم پر تدبر اور اسے سمجھنے سے اصل مقصد اللہ کی مرضی و منشا معلوم کر کے اس پر عمل کرنا ہو، نہ کہ محض اس کے لطائف و دقائق اور اس کے اسرار و غوامض سے واقفیت حاصل کرنا کیونکہ یہ واقفیت تو عربوں کو حاصل ہے، ان کی زبان عربی ہے اور اس بنا پر وہ قرآن کے مطالب و معانی سے ناآشنا نہیں ہیں لیکن چونکہ ان کا عمل قرآن پر نہیں ہے، اس لیے دیگر مسلمانوں کی طرح وہ بھی دنیا میں مغلوب ہی ہیں۔ ۳۰ لاکھ یہودی گیارہ کروڑ عربوں پر حاوی ہیں۔ یہ قرآن سے اعراض و گریز کی وہ سزا ہے جو اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو اس دنیا ہی میں دے رہا ہے۔ اس لیے قرآن کو سمجھ لینا ہی کافی نہیں ہے، اس پر عمل کرنا بھی ضروری ہے اور جب تک مسلمانوں کی انفرادی و اجتماعی زندگی قرآن کے سانچے میں نہیں ڈھلے گی، ان کے شب و روز کے معمولات قرآنی ہدایات کے تابع نہیں ہوں گے اور مسلمان قرآن کو اپنا رہنمائے زندگی تسلیم نہیں کریں گے، ان کی ذلت و ادبار کا یہ دور ختم نہیں ہو گا، ان کی مشکلات کم نہیں ہوں گی اور ان کی وہ عظمت رفتہ بحال نہیں ہو گی جس کے وہ خواہش مند ہیں اور جس سے قرون اولیٰ کے مسلمان بہرہ یاب تھے۔ اقبال رحمۃ اللہ علیہ نے سچ کہا تھا:

وہ زمانے میں معزز تھے مسلماں ہو کر

اور ہم خوار ہوئے تارک قرآں ہو کر

٭٭٭

ماخوذ:تفسیر سراج البیان، حضرت مولانا محمد حنیف ندوی رحمہ اللہ

ٹائپنگ: ام ثوبان

إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ الَّذِينَ إِذَا ذُكِرَ اللَّهُ وَجِلَتْ قُلُوبُهُمْ وَإِذَا تُلِيَتْ عَلَيْهِمْ آَيَاتُهُ زَادَتْهُمْ إِيمَانًا وَعَلَى رَبِّهِمْ يَتَوَكَّلُونَ ) [الأنفال: 2]

“ بس ایمان والے تو ایسے ہوتے ہیں کہ جب اللہ تعالیٰ کا ذکر آتا ہے تو ان کے قلوب ڈر جاتے ہیں اور جب اللہ کی آیتیں ان کو پڑھ کر سنائی جاتیں ہیں تو وه آیتیں ان کے ایمان کو اور زیاده کردیتی ہیں اور وه لوگ اپنے رب پر توکل کرتے ہیں۔”

دوسری جگہ فرمایا:

( قُلْ آَمِنُوا بِهِ أَوْ لَا تُؤْمِنُوا إِنَّ الَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ مِنْ قَبْلِهِ إِذَا يُتْلَى عَلَيْهِمْ يَخِرُّونَ لِلْأَذْقَانِ سُجَّدًا ١٠٧وَيَقُولُونَ سُبْحَانَ رَبِّنَا إِنْ كَانَ وَعْدُ رَبِّنَا لَمَفْعُولًا ١٠٨وَيَخِرُّونَ لِلْأَذْقَانِ يَبْكُونَ وَيَزِيدُهُمْ خُشُوعًا )[الإسراء:107 – 109]

“ کہہ دیجئے! تم اس پر ایمان لاؤ یا نہ لاؤ جنہیں اس سے پہلے علم دیا گیا ہے ان کے پاس تو جب بھی اس کی تلاوت کی جاتی ہے تو وه ٹھوڑیوں کے بل سجده میں گر پڑتے ہیں۔ اور کہتے ہیں کہ ہمارا رب پاک ہے، ہمارے رب کا وعده بلاشک وشبہ پورا ہو کر رہنے والا ہی ہے، وه اپنی ٹھوڑیوں کے بل روتے ہوئے سجده میں گر پڑ تے ہیں اور یہ قرآن ان کی عاجزی اور خشوع اور خضوع بڑھا دیتا ہے۔

یعنی قرآن مجید سن کر ان پر اس قدر خشیت الہٰی اور رقت نفس طاری ہوتی ہے کہ جس سے ان کی آنکھیں اشکبار، دل موم اور پیشانیاں رب کے حضور سجدہ ریز ہوجاتی ہیں۔

اثر پذیری کا تذکرہ ایک جگہ ربُّ العالمین ان الفاظ میں کرتا ہے:

( وَإِذَا سَمِعُوا مَا أُنْزِلَ إِلَى الرَّسُولِ تَرَى أَعْيُنَهُمْ تَفِيضُ مِنَ الدَّمْعِ مِمَّا عَرَفُوا مِنَ الْحَقِّ يَقُولُونَ رَبَّنَا آَمَنَّا فَاكْتُبْنَا مَعَ الشَّاهِدِينَ ) [المائدة: 83]

“ اور جب وه رسول کی طرف نازل کرده (کلام)کو سنتے ہیں تو آپ ان کی آنکھیں آنسو سے بہتی ہوئی دیکھتے ہیں اس سبب سے کہ انہوں نے حق کو پہچان لیا، وه کہتے ہیں کہ اے ہمارے رب! ہم ایمان لے آئے پس تو ہم کو بھی ان لوگوں کے ساتھ لکھ لے جو تصدیق کرتے ہیں۔”

اس مبارک کلام کی تاثیر کا تذکرہ ایک اور مقام پر بایں الفاظ فرمایا:

( اللَّهُ نَزَّلَ أَحْسَنَ الْحَدِيثِ كِتَابًا مُتَشَابِهًا مَثَانِيَ تَقْشَعِرُّ مِنْهُ جُلُودُ الَّذِينَ يَخْشَوْنَ رَبَّهُمْ ثُمَّ تَلِينُ جُلُودُهُمْ وَقُلُوبُهُمْ إِلَى ذِكْرِ اللَّهِ ذَلِكَ هُدَى اللَّهِ يَهْدِي بِهِ مَنْ يَشَاءُ وَمَنْ يُضْلِلِ اللَّهُ فَمَا لَهُ مِنْ هَادٍ ) [الزمر: 23]

“ اللہ تعالیٰ نے بہترین کلام نازل فرمایا ہے جو ایسی کتاب ہے کہ آپس میں ملتی جلتی اور بار بار دہرائی ہوئی آیتوں کی ہے، جس سے ان لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں جو اپنے رب کا خوف رکھتے ہیں آخر میں ان کے جسم اور دل اللہ تعالیٰ کے ذکر کی طرف نرم ہو جاتے ہیں، یہ ہے اللہ تعالیٰ کی ہدایت جس کے ذریعہ جسے چاہے راه راست پر لگا دیتا ہے۔ اور جسے اللہ تعالیٰ ہی راه بھلا دے اس کا ہادی کوئی نہیں۔”

تلاوت قرآن کی اثر انگیزی کا آنکھوں دیکھا حال حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ یوں نقل فرماتے ہیں: مجھ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا مجھے قرآن پڑھ کر سناؤ۔ میں نےکہا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم! میں آپ کو قرآن پڑھ کر سناؤں جبکہ قرآن کا نزول آپ ہی پر ہوا ہے؟ آپ نے فرمایا:ہاں، چنانچہ میں نے سورۃ النساء کی تلاوت شروع کی۔ اور اس آیت کریمہ:

( فَكَيْفَ إِذَا جِئْنَا مِنْ كُلِّ أُمَّةٍ بِشَهِيدٍ وَجِئْنَا بِكَ عَلَى هَؤُلَاءِ شَهِيدًا ) [النساء: 41]

“پس کیا حال ہوگا جس وقت کہ ہر امت میں سے ایک گواہ ہم لائیں گے اور آپ کو ان لوگوں پر گواہ بنا کر لائیں گے۔”

اس پر آپ کی آواز میرے کانوں سے ٹکرائی۔ آپ فرمارہے تھے: بس کرو۔ میں نے مڑ کر دیکھا، تو آپ کی دونوں آنکھوں سے آنسو بہہ رہے تھے۔ دیکھئے،(صحیح بخاری: 5050)

یہی حال آپ کے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کا تھا کہ وہ نہایت ہی سوز سے تلاوت قرآن پا ک کرتے خود اس سے متاثر ہوتے اور دیگر سامعین کو بھی مسحور کردیتے۔ چنانچہ مکی دور میں حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کا ایک نہایت ہی بےمثال واقعہ امام بخاری رحمہ اللہ نے نقل فرمایا ہے:جس میں تلاوت قرآن سے متعلق ان کے یہ الفاظ ہمیں محو حیرت واستعجاب میں ڈالنے کے لیے کافی ہیں۔ فرماتے ہیں:

“ثم بدأ لأبی بکر فابتنی مسجدا بفناء دارہ، وکان یصلی فیہ، ویقرأ القرآن فینقذف علیہ نساء المشرکین وأبناؤھم، وھم یعجبون منہ وینظرون إلیہ، وکان أبو بکر رجلا بکاء، لا یملک عینیہ إذا قرأ القرآن”

“ حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے اپنے مکان کا ایک حصہ نماز کے لیے خاص کردیا۔ جس میں نماز ادا کرتے اور قرآن کی تلاوت کرتے۔ جسے سن کر مشرکین مکہ کی عورتیں اور بچے ان پر ٹوٹ پڑتے۔ ان کی رقت آمیز تلاوت سے محظوظ ہوتے اور اسے غایت درجہ پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتے۔ بات دراصل یہ تھی کہ حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نہایت ہی نرم دل انسان تھے۔ تلاوت قرآن کے وقت اپنی آنکھوں پر قابو نہیں رکھ پاتےاور وہ بےاختیار بہہ پڑتیں۔ دیکھئے، (صحیح بخاری: 3905)

انسان ہی پر بس نہیں بلکہ اگر یہ مبارک آیات جمادات پر نازل ہوتیں تو وہ بھی اس کے عظیم اثرات کو قبول کئے بغیر نہ رہتے۔ فرمان باری تعالیٰ ہے:

( لَوْ أَنْزَلْنَا هَذَا الْقُرْآَنَ عَلَى جَبَلٍ لَرَأَيْتَهُ خَاشِعًا مُتَصَدِّعًا مِنْ خَشْيَةِ اللَّهِ وَتِلْكَ الْأَمْثَالُ نَضْرِبُهَا لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمْ يَتَفَكَّرُونَ ) [الحشر: 21]

“ اگر ہم اس قرآن کو کسی پہاڑ پر اتارتے تو تو دیکھتا کہ خوف الٰہی سے وه پست ہوکر ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتا ہم ان مثالوں کو لوگوں کے سامنے بیان کرتے ہیں تاکہ وه غور وفکر کریں۔”

تلاوت قرآن سے سکینت اور فرشتوں کا نزول:

تلاوت قرآن وہ مبارک پسندیدہ عمل ہے جس کے سننے کے لیے نہ صرف سلیم الطبع انس وجن مضطرب اور بےچین رہتے ہیں بلکہ آسمان سے فرشتے بھی اتر آتے ہیں۔ جیسا کہ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ ایک صحابی کا واقعہ نقل کرتے ہوئے ارشاد فرماتے ہیں:

“قرأ رجل “الکھف” وفی الدار الدابۃ، فجعلت تنفر، فسلم فإذا ضبابۃ أو سحابۃ غشیتہ، فذکرہ للنبی صلی اللہ علیہ وسلم فقال: إقرأ فلان! فإنھا السکینۃ نزلت للقرآن، أو تنزلت للقرآن” (صحیح بخاری: 3614، وصحیح مسلم: 241)

“ایک صحابی (تہجد کی نماز میں ) سورۃ الکہف کی تلاوت کر رہے تھے کہ اچانک گھر ہی میں بندھا ہوا ایک جانور (گھوڑا) بدکنے لگا، سلام پھیرنے کے بعد نظر دوڑایا تو اوپر بادل جیسا ایک ٹکڑا نظر آیا۔ جس نے انہیں ڈھانپ رکھا تھا۔ (صبح ہونے کے بعد) اس واقعہ کا تذکرہ انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے کیا۔ جس پر آپ نے فرمایا:اے فلاں!تم اپنی تلاوت جاری رکھو۔ یہ سکینت تھی جو قرآن کی تلاوت کی وجہ سے آسمان سے اتری تھی۔”

حافظ ابن حجر فرماتے ہیں کہ سکینہ سےمراد فرشتے ہیں جو آسمان سے قرآن سننے کے لیے اترتے ہیں۔ دیکھئے: (بخاری:1/133، و شرح نووی لمسلم: 6/82)

اس واقعہ سے ملتا جلتا حضرت اسید بن حضیر کا واقعہ بھی ہے کہ وہ رات میں سورۃ البقرۃ کی تلاوت فرما رہے تھے کہ ان کا گھوڑا جو ان کے فرزند یحیٰ کے قریب ہی بندھا ہواتھا بدکنے لگا۔ خاموش ہونے پر وہ بھی پر سکون ہوگیا۔ یہ عمل بار بار ہوا۔ اس لیے حضرت اسید رضی اللہ عنہ نے تلاوت موقوف فرمادی اور باہر نکل کر آسمان کی طرف نظراُٹھاýئی تو بادل کی ایک ٹکڑی نظر آئی جس میں قندیلیں روشن تھیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اس کا تذکرہ کیا گيا تو آپ نے فرمایا:وہ فرشتے تھے جو تمہاری تلاوت سننے کے لیے تمہارے قریب آئے تھے۔ اور اگر تم تلاوت جاری رکھتے تو وہ فرشتے بھی اسی طرح صبح تک ٹھہرے رہتے اور لوگ انہیں اپنی آنکھوں سے دیکھتے: (صحیح بخاری معلقا: 5018، وصحیح مسلم مرفوعا: 242)

تلاوت قرآن کا اجر وثواب:

ربُّ العالمین نے اپنے اس عظیم ترین کلام کی تلاوت پر اجر جزیل سے نوازا ہے۔ چنانچہ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو شخص کلام اللہ کا ایک حرف پڑھےگا۔ ربُّ العالمین اس کے ہر ہر حرف پر ایک نیکی عنایت کرےگا۔ جو دس گنا بڑھ کر دس نیکیاں بن جائیں گی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نہیں کہتا ہوں کہ (الم) ایک حرف ہے۔ بلکہ الف ایک حرف ہے۔ لام ایک حرف ہے اور میم ایک حرف ہے۔ (ترمذی: 2835)

تلاوت قرآن کا اہتمام کر نے والے کا مقام:

جن لوگوں کو قرآن مجید سے دلی لگاؤ ہے وہ اس کی تلاوت کے بغیر سکون پاہی نہیں سکتے۔ اسی لیے باری تعالیٰ ایسے لوگوں کے اجر کو بھی بڑھا دیتا ہے۔ جیسا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی حدیث میں ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص قرآن میں ماہر ہے وہ معزز فرشتوں کے ساتھ ہوگا، اور جو شخص قرآن اٹک اٹک کر بامشقت پڑھتا ہے اس کے لیے دوہرا اجر ہے۔(صحیح بخاری: 4937، صحیح مسلم: 798)

ایسے لوگوں کا مقام دنیا وآخرت دونوں جگہ اعلیٰ وارفع ہوگا۔ جیسا کہ حضرت نافع بن عبد الحارث کے اس واقعہ سے پتہ چلتا ہے جو ان کے اور امیر المومنین حضرت عمر بن الخطاب کے درمیان پیش آیا۔ واقعہ یہ تھا کہ حضرت نافع نے جو کہ مکہ کے والی تھے مکہ سے باہر جاتے ہوئے اپنا نائب انہوں نے ایک غلام کو بنایا۔ جب حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے اس کی وجہ دریافت کی تو انہوں نے فرمایا:

“إنہ قارئ لکتاب اللہ عز و جل، و إنہ عالم بالفرائض، قال عمر: أما أن نبیکم صلی اللہ علیہ وسلم قد قال: إن اللہ یرفع بھذا الکتاب أقواما ویضع بہ آخرین”(صحیح مسلم: 816۔ 269)

“وہ قرآن اور فرائض کا عالم ہے۔ اس پر حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا : نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:بےشک اللہ تعالیٰ اس قرآن کی وجہ سے کچھ لوگوں کو بلندی عطاء کرےگا اور کچھ کو پستی۔”

آخرت میں ان کی عظمت ورفعت کا تذکرہ:

حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کی حدیث میں یوں کہا گیا ہے کہ صاحب قرآن سے قیامت کے روز کہاجائےگا: قرآن مجید کی تلاوت اس طرح کرو جیسے دنیا میں ترتیل سے کرتے تھے اور بلند منازل طے کرتے جاؤ۔ جنت میں تمہارے لیے وہ جگہ متعین ہوگی جس جگہ آخری آیت کی تلاوت پر تمہاری سانس رکےگی۔” (ترمذی: 2914، أبوداود: 1464 وغیرہ بسند حسن)

تلاوت قرآن گھر کو شیطان سے پاک کرنے کا واحد علاج:

در حقیقت ہمارے سامنے دوآواز ہیں، ہمیں اختیار ہے کہ ان میں سے جس آواز کو ہم چاہیں اپنے گھر کی زینت بنائيں۔ مگر دونوں کے ظاہری اثرات اس گھر پر ڈائرکٹ بغیر کسی واسطے کے پڑیں گے۔ جس میں ایک آواز گانا باجا وغیرہ ہے جو قرآن کی ضد ہے۔ اور دوسری آواز تلاوت قرآن کی ہے۔

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے:

“لا تجعلوا بیوتکم مقابر، إن الشیطان ینفر من البیت الذی یقرأ فیہ سورۃ البقرۃ” (صحیح مسلم: 780،212)

“ اپنے گھروں کو قبرستان نہ بناؤ، بےشک شیطان اس گھر سے بھاگ جاتا ہے جس میں سورۃ البقرۃ کی تلاوت کی جاتی ہے۔”

بلکہ اگر کوئی شخص اس عظیم سورت کی آخری دو آیتوں کو رات میں پڑھ لے تو یہ اس کے لیے کفایت کر جائیں گی۔ جیسا کہ حضرت ابو مسعود رضی اللہ عنہ کی حدیث میں ہے:

“من قرأ بالآیتین من آخر سورۃ البقرۃ فی لیلۃ کفتاہ” (صحیح بخاری: 50009)

“جو شخص سورۃ البقرہ کی آخری دو آیتوں کو رات میں پڑھ لے تو وہ اس کو کفایت کریں گی۔”

کفایت کرنے کا مطلب ایک تو یہ بیان کیا کیا ہے کہ یہ دونوں آیتیں قیام اللیل سے کفایت کریں گی۔ جبکہ ایک معنی یہ بھی لیا گیا ہے کہ شیطان کے شر سے۔ بلکہ ہر طرح کے شرور سے کفایت کریں گے۔ حافظ ابن حجر فرماتے ہیں کہ یہ تمام معانی مراد لیے جاسکتے ہیں۔ دیکھئے: (فتح الباری: 9/56)

یہاں تک کہ اگر کوئی اس مبارک سورت کی صرف ایک آیت کریمہ:

آیت الکرسی سوتے وقت پڑھ لے تو ربُّ العالمین کی طرف سے اس کی حفاظت کے لیے ایک نگراں متعین ہوجائےگا جو اس شخص کی صبح تک حفاظت فرمائے گا اور شیطان اس کے قریب بھی نہیں پھٹک سکےگا۔ دیکھئے: (صحیح بخاری: 2311 معلقا: والنسائي فی الکبری: 10795، موصولا بسند صحیح)

تلاوت قرآن موجب شفاعت ہے:

حضرت ابو اما مہ الباہلی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ فرما رہے تھے:

(إقرؤا القرآن فإنہ یأتی یوم القیامۃ شفیعا لأصحابہ) )صحیح مسلم: 804۔252(

“ قرآن مجید پڑھو کیونکہ وہ قیامت کے دن اپنے پڑھنے والے کے لیے سفارش کرےگا۔”

الغرض تلاوت قرآن کے متعدد بےشمار فضائل ہیں۔ بلکہ ایسے لوگ جو قرآن پڑھتے پڑھاتے ہوں وہ لوگوں میں سب سے افضل اور بہتر ہیں۔ جیسا کہ حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کی حدیث میں اس کی صراحت آئی ہے۔ دیکھئے، (صحیح بخاری:5027)

اس لیے کثر ت سے قرآن کی تلاوت کرنا اور اس پر مداومت اختیار کرنا سعادت بخش زندگی کا موجب ہے۔ جس پر قائم رہنا صاحب عزیمت شخص کے لیے چنداں مشکل نہیں۔ اللہ ربُّ العالمین ہم سب کو اس کا اہل بنائے آمین۔

Title2

إن الحمد لله، نحمده، ونستعينه، ونستغفره، ونعوذ بالله من شرور أنفسنا، وسيئات أعمالنا، من يهده الله فلا مضل له، ومن يضلل فلا هادى له، وأشهد أن لا إله إلا الله وحده لا شريك له، وأشهد أن محمداً عبده ورسوله، أما بعد!

سامعین کرام!جیسا کہ آپ نے پچھلے خطبہ میں سنا کہ قرآن مجید کا پڑھنا، پڑھانا، سیکھنا، سکھانا، نہایت ہی محبوب ترین عمل ہے۔ اور یہ کام انجام دینے والے سب سے افضل اور بہتر لوگ ہیں۔ تو آیئے، ہم یہ بھی جاننے کی کوشش کریں کہ ان مبارک آیات کی تلاوت کے آداب کیا ہیں۔

آداب تلاوت:

قرآن مجید کی تلاوت کے بہت سے آداب ہیں جن کا اپنانا درحقیقت کلام عظیم میں پنہاں خزانوں سے موتیاں چننا ہے۔ ان آداب میں سے چند یہ ہیں۔

اخلاص وللّٰہیت :

یہ شرط اساسی تمام اعمال صالحہ کے لیے ہے ۔ فرمان باری ہے:

( وَمَا أُمِرُوا إِلَّا لِيَعْبُدُوا اللَّهَ مُخْلِصِينَ لَهُ الدِّينَ )[البينة: 5]

“ انہیں اس کے سوا کوئی حکم نہیں دیا گیا کہ صرف اللہ کی عبادت کریں۔”

تلاوت کے آغاز سے پہلے “أعوذ باللہ من الشیطان الرجیم” پڑھنا:

رب العالمین کا فرمان ہے:

( فَإِذَا قَرَأْتَ الْقُرْآَنَ فَاسْتَعِذْ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ ) [النحل: 98]

“ قرآن پڑھنے کے وقت راندے ہوئے شیطان سے اللہ کی پناه طلب کرو۔”

ٹھہر ٹھہر کر تلاوت کرنا:

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:

( وَرَتِّلِ الْقُرْآَنَ تَرْتِيلًا ) [المزمل: 4]

“ قرآن کو ٹھہر ٹھہر کر (صاف) پڑھا کر۔”

حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تلاوت کا وصف نقل کرتے ہوئے فرمایا:

“کان یقطع قرائتہ آیۃ آیۃ؛ (بِسْمِ اللہِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ، الْحَمْدُ للہِ رَبِّ الْعَالَمِينَ، الرَّحْمنِ الرَّحِيمِ، مَلِكِ يَوْمِ الدِّينِ) (ترمذی: 2927، سنن دار قطنی 1/312 واللفظ لہ)

“نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایک ایک آيت کو الگ الگ کر کے قراءت کرتے۔ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ کہہ کر ٹھہر جاتے۔ پھر کہتے الْحَمْدُ للہِ رَبِّ الْعَالَمِينَ پھر ٹھہر جاتے۔ پھر کہتے: الرَّحْمنِ الرَّحِيمِ پھر ٹھہر جاتے۔ پھر کہتے: مَلِكِ يَوْمِ الدِّينِ”

مگر یہ روایت کافی شہرت کے باوصف ضعیف ہے جیسا کہ امام ترمذی نے مذکورہ بالا مقام پر اس کی وضاحت فرمائی ہے۔ کچھ دیگر اہل علم اس کی تصحیح کے قائل ہیں۔ مگر راجح قول وہی ہے جو اما م ترمذی نے ذکر کیا ہے۔ (واللہ أعلم)

ایک صحیح حدیث میں حضرت انس رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی قراء ت کا وصف بیان کرتے ہو فرماتے ہیں:نبی صلی اللہ علیہ وسلم آیات کو کھینچ کھینچ کر پڑھتے تھے۔ پھر حضرت انس رضی اللہ عنہ نے مثال دے کر بتایا کہ آپ اس طرح پڑھتے تھے: (بِسْمِ اللہِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ، یمد بسم اللہ، ویمد بالرحمن، ویمد بالرحیم)

“ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ، پڑھتے ہوئے، بِسْمِ اللہِ، الرَّحْمَن اور الرَّحِيم کو کھینچتے۔” (صحیح بخاری: 5046)

اسی ترتیل کی تعلیم صحابۂ کرام اپنے شاگردوں کو بھی دیتے۔ چنانچہ ایک شخص نے حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ سے کہا: میں پورا مفصّل(یعنی سورۃ قٓ سے سورۃ الناس تک) ایک ہی رکعت میں پڑھتا ہوں۔ ابن مسعود رضی اللہ عنہ نقل کرتے ہوئے فرمایا:ایسے ہی جیسے تیز تیز شعر سنایاجاتا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے فرمایا: بےشک کچھ لوگ قرآن اس طرح پڑھیں گے کہ ان کے حلق کے نیچے نہیں اترےگا۔ قراءت وہ نفع بخش ہے جو حلق سے تجاوز کر کے دل کے دروازے پر دستک دے اور اس میں گھر کر جائے۔ دیکھئے: (صحیح مسلم: 822۔ 275)

آواز میں سوز اور حسن پیدا کرنا:

خوش الحانی سے تلاوت نہایت ہی مرغوب عمل ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خود اس کا اہتمام کرتے۔ جیسا کہ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ کی روایت میں ہے:

“سمعت النبی صلی اللہ علیہ وسلم قرأ فی العشاء، والتین والزیتون، فما سمعت أحدا أحسن صوتا منہ”(صحیح بخاری: 729، صحیح مسلم: 464)

“ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو عشاء کی نماز میں سورۃ التین پڑھتے ہو سنا۔ میں نے آپ جیسی خوبصورت آواز سے پڑھنے والا کسی کو نہیں سنا۔”

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کسی چیز کو اتنی توجہ سے نہیں سنتا جتنی توجہ سے نبی کا خوش الحانی سے قرآن مجید پڑھنا سنتا ہے۔ (صحیح بخاری: 5023، 5024 صحیح مسلم: 792، 233)

دوران تلاوت آنکھوں کا اشکبار ہونا:

کلام اللہ کے سننے سے دل میں ہل چل مچ جانا اور آنکھوں سے آنسو کے قطرات کا ٹپکنا فطری امر ہے۔ ربُّ العالمین نے اپنے نیک بندوں کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا:

( إِذَا تُتْلَى عَلَيْهِمْ آَيَاتُ الرَّحْمَنِ خَرُّوا سُجَّدًا وَبُكِيًّا ) [مريم: 58]

“ان کے سامنے جب اللہ رحمان کی آیتوں کی تلاوت کی جاتی تھی یہ سجده کرتے اور روتے گڑگڑاتے گر پڑتے تھے۔”

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا حال یہ تھا کہ آپ دوران نماز جب قرآن پڑھتے تو رونے کی وجہ سے آپ کے پیٹ سے اس طرح آواز آتی جیسے کھولتی ہوئی ہانڈی سے پکنے کی آواز آتی ہے۔(مسند: 4/25)

تلاو ت کرتے ہوئے تدبر کرنا:

قرآن مجید کی آیات مبارکہ میں غوروخوض، تدبروفکر ہی دراصل ہمارے لیے راہ ہدایت استوار کرتا ہے۔ عبرت وموعظت کے مواقع فراہم کرتا ہے۔ فرمان باری تعالیٰ ہے:

( كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ إِلَيْكَ مُبَارَكٌ لِيَدَّبَّرُوا آَيَاتِهِ وَلِيَتَذَكَّرَ أُولُو الْأَلْبَابِ ) [ص: 29]

“یہ بابرکت کتاب ہے جسے ہم نے آپ کی طرف اس لیے نازل فرمایا ہے کہ لوگ اس کی آیتوں پر غور وفکر کریں اور عقلمند اس سے نصیحت حاصل کریں۔”

اسی لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بکثرت اس پہلو پر توجہ دیتے۔ یہاں تک کہ ایک بار آپ قیام اللیل میں کھڑے ہوئےاور ایک ہی آیت پرھتے پڑھتے صبح کردی۔ وہ آيت کریمہ یہ تھی:

( إِنْ تُعَذِّبْهُمْ فَإِنَّهُمْ عِبَادُكَ وَإِنْ تَغْفِرْ لَهُمْ فَإِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ ) [المائدة: 118]

“ اگر تو ان کو سزا دے تو یہ تیرے بندے ہیں اور اگر تو ان کو معاف فرما دے تو، تو زبردست ہے حکمت والا ہے۔”: (نسائی: 2/177 اور مسند أحمد: 5/156، 170)

اس لیے ہمیں قرآن مجید سیکھنے، سکھانے اور اس کے معانی ومطالب سمجھنے پر پوری توجہ صرف کرنی چاہئے۔ تاکہ اس کو دستور حیات بناتے ہوئے اپنی علمی زندگی میں اتار سکیں۔ اور دنیا وآخرت کی سعادت سے بہرہ ور ہو سکیں۔ ورنہ خود ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے خلاف رب کے حضور شکایت کرتے ہوئے فرمائيں گے:

( وَقَالَ الرَّسُولُ يَا رَبِّ إِنَّ قَوْمِي اتَّخَذُوا هَذَا الْقُرْآَنَ مَهْجُورًا ) [الفرقان: 30]

“ اور رسول کہے گا کہ اے میرے پروردگار! بےشک میری امت نے اس قرآن کو چھوڑ رکھا تھا۔”

عالمی منبر

ur.global-minbar.com